سرگودھا: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ مشکل ترین وقت میں عوام کی امنگوں پر پورا اتری ہے ضرورت پڑنے پر بری فوج پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
سرگودھا میں پاک فضائیہ کے مصحف ایئربیس پر اردن سے حاصل کئے گئے 13 ایف 16 جنگی طیاروں کی پاک فضائیہ کے فورتھ اسکواڈرن میں شمولیت کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف تھے، اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی موجود تھے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایف 16 طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کئے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لئے تیار ہے، مشکلات کے باوجود بیرونی جارحیت کا مقابلہ کریں گے، وہ ایف 16 طیاروں کی فراہمی پر اردن کی شاہی فضائیہ کے شکر گزار ہیں، ایف 16 طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج ملک کی حفاظت اور ترقی کے لئے پُرعزم ہیں۔ پاک فضائیہ مشکل ترین وقت میں عوام کی امنگوں پر پورا اتری ہے، ہم یہ بات سمجھتے ہیں کہ پاک فضائیہ کا اہم کردارہے، موجودہ دور میں فضائیہ کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ جہاں بھی ضرورت پڑی تو پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اردن ہمارا عظیم دوست ہے، طیاروں کی فراہمی پر اردن فضائیہ کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اردن سے 13 ایف 16 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا، ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پاک فضائیہ کے بیڑے میں ایف 16 طیاروں کی تعداد 76 ہوجائے گی۔