نارووال: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 136 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہورہی ہے جو شام 5 بجے تک کسی بھی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔
پنضاب اسمبلی کے حلقہ 136 نارووال کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے کرنل ریٹائرڈ شجاعت علی خان اور پاکستان تحریک انصاف کے وکیل منج کے درمیان مقابلہ ہے۔ ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا، اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 584 ہے، ضمنی انتخاب کے لئے حلقے میں 123 پولنگ اسٹیشن جبکہ 430 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، حلقے کے 9 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولنگ اسٹیشنز پر ایک ہزار 200 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے کرنل ریٹائرڈ شجاعت کامیاب ہوئے تھے تاہم تحریک انصاف کے وکیل منج کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے بے ضابطگیوں پر انتخاب کالعدم قرار دے دیا تھا۔