|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2014

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے نئی دلی جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کے  نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت کو باضابطہ طور پر قبول کرلیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف 26 مئی کو بھارت کے دارالحکومت پہنچیں گے، وزیراعظم کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز،معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی جائیں گے، وزیراعظم اسی روز نامزد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے،وزیراعظم نوازشریف اورنریندرمودی کی ملاقات 27 مئی کو ہوگی، اس کے علاوہ بھارت کے صدرپرناب مکھرجی سے ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔ وزیر اعظم 27 مئی کی سہہ پہر اپنا دورہ مکمل کرکے وطن واپس آجائیں گے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی کی تقریب حلف برداری پیر کی شام نئی دلی میں ہوگی جس میں وزیر اعظم نواز شریف سمیت سارک ممالک کے تمام سربراہان حکومت سمیت دیگر ممالک کے خصوصی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔