|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2014

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان مسلم لیگ (ن) کی نفرت نے عمران خان کی آنکھوں پر ایسا غلاف ڈال دیا ہے کہ اب وہ پاکستان کو بھی گالی دینے سے گریز نہیں کرتے۔ بجٹ رپورٹنگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں انہوں نے آخری بار کب کسی زخمی فوجی کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو امریکہ کی جنگ کہتے ہیں، لیکن اگر یہ امریکہ کی جنگ ہے تو مساجد، فوجی تنصیبات اور اسکولوں پر حملہ کرنے والے کس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ‘اعتزاز حسن کا اسکول اور پریڈ لین مسجد واشنگٹن میں نہیں پاکستان میں ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جہانگیر ترین کے جہاز میں اڑتے ہیں اور غریب کو میٹروبس میں بھی نہیں بیٹھنے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 2019 کا الیکشن بھی ہاریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتخابات مسلم لیگ (ن) سے ہارے اور بدلہ عوام سے لے رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں خسرے کی ناقص دوائی سے بچے مرگئے لیکن عمران خان کو ان کے گھر جانے کی توفیق نہیں ہوئی۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بجٹ شفاف ہوگا جس میں کسی وزیر کا صوابدیدی فنڈ نہیں ہوگا، پچھلے بجٹ کی طرح اس بجٹ میں بھی خفیہ فنڈز نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے بجٹ کے لیے حکومت کو صرف 7 دن ملے۔ ‘ہم پچھلے بجٹ کی ذمہ داری لیتے ہیں لیکن اس کی تیاری میں ہمارا کردار نہیں تھا۔’ پرویز رشید نے کہا کہ 5سال بعد ملک میں اتنی بجلی پیدا ہوگی جتنی پچھلے 60 سال میں نہیں بنی۔