|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2014

ایمسٹرڈیم (اسپورٹس ڈیسک) ہالینڈ کے مڈفیلڈر رافیل وان ڈر وارت فٹنس مسائل کی وجہ سے فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 31 سالہ فٹ بالر گزشتہ روز ٹریننگ کے دوران پنڈلی کی انجری میں مبتلا ہوگئے تھے۔ ہالینڈ کی فٹ بال انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق رافیل وان ڈر وارت کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے انہیں مکمل طور پر فٹ ہونے میں وقت درکار ہو گا اس طرح وہ آئندہ ماہ برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ ہالینڈ کے دوسرے اہم کھلاڑی ہیں جنہیں فٹنس مسائل کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔ اس سے قبل مڈفیلڈر کیون سٹورمن بھی انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔ 2010 ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیم ہالینڈ گروپ بی میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن سپین، آسٹریلیا اور چلی سے ہوگا۔