کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایرانی فورسز نے پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین مارٹر گولے داغے جو پاکستانی حدود کے بارہ کلو میٹر اندر آگرے ، پاکستانی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملہ سرحدی کمیٹی کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک بجے کے قریب پیش آیا۔ پاک ایران سرحد پر تعینات ایرانی بارڈر فورس نے پاکستانی حدود کی جانب یکے بعد دیگرے تین مارٹر گولے داغے جو پاکستانی حدود کے بارہ کلو میٹر اندر ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں گرے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مارٹر گولے ایف سی 84ونگ کی گوارگ چیک پوسٹ سے شمال میں صرف دو کلو میٹر دور گرے ۔سرحد پر تعینات ایف سی اہلکاروں نے بھی چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے قبل بھی ایرانی فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقوں پنجگوراور ماشکیل میں مارٹر گولے داغنے کے واقعات پیش آچکے ہیں جس پر صوبائی حکومت نے احتجاج کرتے ہوئے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا تھا۔ رواں سال مارچ میں پاک ایران سرحدی کمیشن نے سرحدی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ولی محمد بڑیچ نے ایرانی سرحدی خلاف ورزی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے ساتھ معاملہ بارڈر کمیٹی کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا جس کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے۔