|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2014

اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بیرون ملک سفرکرنے والے پاکستانی مسافروں پر پولیو سرٹیفیکیٹ پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے باعث وفاقی وزارت ہیلتھ سروسز نے صوبوں کو 10 لاکھ ہیلتھ سرٹیفیکیٹس جاری کردیئے ہیں جو سرکاری اسپتالوں اور ای پی آئی سے بلامعاوضہ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ان سرٹیفیکیٹ کی میعاد ایک سال ہو گی، یہ سرٹیفیکیٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ای ڈی او ہیلتھ جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔ اس کے علاوہ کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بھی پولیو کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں،  جہاں سول ایوی ایشن اور محکمہ صحت کے نمائندے مسافروں کو انسدداد پولیو ویکسی نیشن کارڈز جاری کررہے ہیں۔ امیگریشن کاؤنٹرز پر محکمہ صحت کا عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے جو بیرون ملک جانے والے پاکستانی مسافروں کے پولیو سرٹیفیکیٹ کا معائنہ کرے گا تاکہ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے پر انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ پاکستان سے پولیووائرس کی بیرونی ممالک منتقلی کو روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت نے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے  جس کا اطلاق آج سے شروع ہوگیا ہے۔