|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2014

لندن: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی نظام ٹھیک نہ ہوا تو اگلا الیکشن نہیں ہونے دیں گے، دھاندلی بے نقاب کرنے کیلیے آخری حد تک جائیں گے۔ لندن میں ایک نجی چینل کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ حکومت چار حلقے کھولنے میں نہ جانے کیوں ڈر رہی ہے، وہ کہتے ہیں کہ آپ کے بھی حلقے کھولیں گے، ضرور کھولیں، کس نے روکا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کا 10 نکاتی ایجنڈا تاحال نہیں دیکھا، ایجنڈا سمجھ میں آنے پر دونوں جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات ہوسکتی ہے، تحریک انصاف کے دروازے ہر کسی کیلیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ حکم امتناعی پر 5 سال پورے کرلے گی تو یہ اس کی بھول ہے، سیالکوٹ کے جلسے میں حکومت کو ٹائم فریم دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ملک کو فیملی لمیٹڈ کمپنی کی طرح چلایا جارہا ہے، نواز شریف اور زرداری جہاں جاتے ہیں، اپنے بچوں کو ساتھ لے جاتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے بریڈفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔