ساؤ پاؤلو: دنیا کا سب سے بڑا عالمی میلا برازیل میں سجنے جارہا ہے لیکن اس حوالے کئے گئے تمام تر انتظامات ناکافی قرار دیئے جارہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ورلڈ کپ 2014 کا آغاز 12 جون کو میزبان برازیل اور کروشیا کے درمیان ساؤ پاؤلو اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ سے ہونا ہے تاہم گراؤنڈ میں شائقین کی سہولیات کے لئے انتظامات انتہائی ناقص ہیں جبکہ ایئرپورٹ اور ہوٹلز سے گراؤنڈ تک تماشائیوں کو لانے کے لئے بھی کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے، حال ہی میں 40 ہزار تماشائیوں کے لئے تیار کردہ حصے میں بیٹھنے کے لئے لگائی گئی کرسیاں بھی عارضی طور پر لگائی گئی ہیں جبکہ گراؤنڈ میں شائقین کو دھوپ سے بچانے کے لئے چھت بھی موجود نہیں۔
دوسری جانب گراؤنڈ کے اطراف اور اسٹیڈیم کی صورتحال کے حوالے سے دیگر ممالک سے سے آئے افراد نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا، بعض افراد کاکہنا تھا کہ گراؤنڈ کے قریب ٹریفک کے باعث تماشائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سیکیورٹی صورتحال بھی اطمینان بخش نہیں، تماشائیوں نے کہا کہ گراؤنڈ کو مزید بہتر بنانے کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بعض ورلڈ کپ 2014 کے حوالے سے کی گئی تیاریوں سے مطمئن دکھائی دیئے۔
واضح رہے کہ برازیل میں ورلڈ کپ 2014 کے وارم اپ میچز شروع ہوچکے ہیں اور 12 جون کو میزبان برازیل اور کروشیا کے درمیان میچ سے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔