|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2014

سیول: گوگل کے انڈروائڈ پلیٹ فارم کو خیرباد کہنے کے پہلے قدم کے طور پر سام سانگ نے اپنے آپریٹنگ سسٹم پر مبنی نیا سمارٹ فون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سام سنگ نے پیر کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ خصوصی طور پر ٹائیزن نامی پلیٹ فارم پر چلنے والے سام سنگ زی کو دوسری منڈیوں میں فروخت کرنے سے پہلے رواں سال کے تیسرے کواٹر میں روس میں متعارف کرا دیا جائے گا۔ یہ نیا سمارٹ فون منگل کو سان فرانسسکومیں ٹائزن ڈیولپر کانفرنس میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ گلیکسی ایس سمارٹ فون سیریز سمیت سام سنگ کی ڈیوائسز میں عموماً انڈروائڈ آرپیٹنگ سسٹم استعمال ہوتا ہے۔ سام سانگ سالوں سے اپنی ڈیوائسز کے لیے موبائل سافٹ ویئر بزنس کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ سن 2009 میں سام سنگ نے ‘باڈا ‘کے نام سے اپنا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا تھا تاہم اپلیکیشن ڈیولپرزکے دلچسپی نہ لینے پر یہ ناکام ہو گیا۔ لینکس پر مبنی ٹائزن پلیٹ فارم کی تیاری میں انٹیل نے سام سنگ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ٹائزن کے اوپن سورس ہونے کی وجہ سے ہارڈ ویئر بنانے والے اس میں مرضی کے مطابق تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ فروری میں لانچ ہونے والی سام سنگ گیئر ٹو سمارٹ گھڑیوں میں بھی ٹائزن پلیٹ فارم استعمال ہوا ہے، تاہم سام سنگ زی یہ آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والا پہلا سمارٹ فون ہو گا۔ کمپنی کے عالمی سیلز اور مارکیٹنگ کے سربراہ ڈی جے لو کے مطابق، ٹائزن پلیٹ فارم کی وجہ سے سام سنگ زی پر صارفین تیزبراؤزنگ کےساتھ ساتھ اپلیکیشنز کو مزید موثر انداز میں استعمال کر سکیں گے۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں فروخت ہونے والے تیس فیصد سمارٹ فون سام سنگ کے ہیں اور یہ تناسب اس کے حریف ایپل کے شیئر سے دو گنا ہے۔