|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2014

کراچی: وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق سینئیر وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ کراچی میں فیڈرل اینٹی کرپشن کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ٹڈاپ اسکینڈل کے مختلف مقدمات میں چالان جمع کرادیئے، جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان مقدمات میں  ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین طارق اقبال پوری، سابق ڈی جی جاوید انور، عبدالکریم داؤد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مرچو مل کھتری گرفتار ہیں تاہم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کو مفرور ہیں اس لئے ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ جس پر خصوصی عدالت نے یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کے17 جون کے لئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی اورمخدوم امین فہیم بالواسطہ طریقوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، اس سلسلے میں 29 مئی کو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔