ساؤتھیمپٹن کلب کے کھلاڑی رِکی لیمبرٹ نے 17 سال بعد اپنے پرانے کلب لیورپول سے 40 لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ کیا ہے۔
32 سالہ لیمبرٹ ساؤتھیمپٹن کی طرف سے کھیلنے سے پہلے پانچ سال تک لیورپول کی یوتھ ٹیم کا حصہ تھے۔
لیمبرٹ کا کہنا ہے کہ انھیں لیورپول کلب سے ہمیشہ محبت رہی ہے اور انھیں یقین نہیں آ رہا کہ وہ لیورپول واپس آگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لیورپول کے لیے کھیلنا ان کے لیے خواب سے کم نہیں ہے اور انھیں ایسا لگتا تھا کہ اب ان کے لیورپول کی طرف سے کھیلنے کے مواقع ختم ہوگئے ہیں۔
لیمبرٹ کا نام اگلے ماہ شروع ہونے والے انگلینڈ کے ورلڈکپ فٹ بال سکواڈ میں بھی شامل ہے۔ وہ انگلینڈ کی طرف سے چار میچوں میں دو گول کر چکے ہیں جبکہ ساؤتھیمپٹن کی طرف سے کھیلتے ہوئے انھوں نے گذشتہ سیزن میں 39 میچوں میں 19 گول کیے تھے۔
لیمبرٹ کا ساؤتھیمپٹن کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے میں ابھی دو سال باقی تھے لیکن وہ اس سے پہلے ہی لیورپول منتقل ہو گئے۔
لیمبرٹ نے کہا کہ مجھے اس بات کا اندازہ ہے کہ لیورپول کتنا بڑا کلب ہے اور یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ لیورپول گذشتہ سیزن پریمیئر لیگ جیتنے کے لیے فیورٹ کلب تھا لیکن چیلسی سے شکست کھانے اور کرسٹل پیلس سے میچ برابر کرنے کے بعد ان کی 1990 کے بعد پہلی بار پریمیئر لیگ جیتنے کی امیدوں پر پانی پِھر گیا۔
تاہم 24 سال سے پریمیئر لیگ جیتنے کی امید رکھنے والی لیور پول کی 2009 کے بعد کسی بھی بڑی لیگ میں لور یہ بہترین کارکردگی ہے۔