کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہیں حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو الطاف حسین اور کارکنان سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے تعاون پر مشکور ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی صحت سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لے رکھا ہے تاہم طبیعت خراب ہونے پر انہیں میڈیکل چیک اپ کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں لندن پولیس کے مطابق وہ حراست میں ہی رہیں گے۔