|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2014

لندن: برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کو قونصلر رسائی کی اجازت دینے کے بعد لندن میں پاکستانی قائم مقام ہائی کمشنر کی سربراہی میں 3رکنی وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی ہے۔ برطانوی حکام کی اجازت کے بعد قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر عمران مرزا کی قیادت میں 3 رکنی سفارتی عملے نے لندن کے ویلنگٹن اسپتال میں زیرعلاج متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی ہے، عمران مرزا نے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے قائد سے ان کے طبیعت پوچھی اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الطاف حسین کی بھرپور قانونی معاونت کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ملاقات کےدوران الطاف حسین ذرابھی پریشان نظرنہیں آئے، ان کا حوصلہ اورمورال انتہائی بلند ہے، انھیں اسپتال میں بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں جبکہ پولیس بھی مکمل طور پر تعاون کیا جارہا ہے، الطاف حسین نے ملاقات کے دوران  وزیر اعظم نوازشریف، صدر مملکت ممنون حسین اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پیغام دیاہےکہ دوستوں کوبتائیں کہ فکرکرنےکی ضرورت نہیں، انھیں جب بھی ضرورت پڑی وہ پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کریں گے۔ دوسری جانب ڈاکٹروں نے الطاف حسین کے بلڈ پریشر اور شوگر لیول کو نارمل قرار دے دیا ہے تاہم آج ان کی اینجیو گرافی ہوگی اس سلسلے میں معالجین نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ برطانیہ میں رائج طبی قوانین کے تحت اینجیو گرافی کے بعد بھی الطاف حسین کو کم از کم 8 سے 10 گھنٹے مکمل آرام کی ضرورت ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اہلکار ان سے پوچھ گچھ کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز  لندن میں قائم ہائی کمیشن کے توسط سے برطانیہ کو الطاف حسین تک کونسل رسائی کی درخواست دی تھی۔