سان فرانسسکو: اگر آپ رواں مہینے برازیل میں شروع ہونے والے عالمی فٹ بال کپ میں شرکت نہیں کر سکتے تو کوئی بات نہیں، گوگل نے اس عالمی میلے کو گھر گھر پہنچا دیا ہے۔
گوگل نے جمعرات کو فٹ بال شائقین کے لیے برازیل میں اُن بارہ سٹیڈیمز کے خصوصی نقشے پیش کیے ہیں جہاں عالمی کپ کے میچ کھیلے جائیں گے۔
اس مفت آن لائن ‘سرںیٹ ویو’ سروس کے ذریعے سٹیڈیمز کے علاوہ ورلڈ کپ کے حوالے سے مہمان شہروں کی سڑکوں پر میلے کا سا سماں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
سٹریٹ ویو پروگرام کی مینیجر ڈیانا یک نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا ‘چاہے آپ اپنے صوفوں پر آرام سے میچ دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا پھر برازیل جانے کی تیاریوں میں ہوں، گوگل میپس عالمی کپ کے لیے آپ کا ٹکٹ ہے’۔
یک کے مطابق: اگر آپ کو خوش قسمتی سے برازیل کا ٹکٹ مل گیا ہے تو اپنے موبائل فون پر گوگل میپس انسٹال کرنا نہ بھولیں۔
یک نے بتایا کہ سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے لیے گوگل میپنگ کی اس اپلیکیشن کی مدد سے بسوں اور ٹرینیں کے ذریعے انتہائی موثر انداز میں برازیل کے مہمان شہروں تک پہنچا جا سکتا ہے۔
اس اپلیکیشن میں سٹیڈیمز کے علاوہ ایئرپورٹس، شاپنگ مالز، اور دوسرے ایسے مقامات کی میپنگ بھی موجود ہے جہاں فٹبال کے مداح جانا چاہیں۔