کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ کرکے دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، ایک شخص کی لاش برآمد کرلی گئی ، قلات سے بھی دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں ۔ پنجگور اور مستونگ میں ایف ڈبلیو او کی گاڑیوں کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی۔ واقعات کے مطابق مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔ لیویز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بلیدہ کے علاقے سولو میں پیش آیا جہاں ماسٹر اکرم ولد امین جان اور ان کا ساتھی غلام جان ولد عبدالرحمان اپنی گاڑی سروس کرارہے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے گاڑی کو بھی نذر آتش کیا تاہم لیویز نے گاڑی کو نذر آتش کئے جانے کی تصدیق نہیں کی۔ دوہرے قتل کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ بتایا جاتاہے ۔ کیچ ہی کے علاقے جمک کے پہاڑی علاقے سے لیویز کو ماسٹر مقبول ولد معیار کی لاش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ لیویز کے مطابق مقتول جمعہ کی صبح اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر شکار کھیلنے کے لئے نکلا تھا ۔ مقتول پیدارک میں سرکاری اسکول میں ٹیچرتھا۔ادھر قلات کے علاقے جوہان سے لیویز کو دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق قلات سے تقریباً چالیس کلو میٹر دور جوہان کے قریب سراوان کے مقام پر لیویز کو دو لاشیں ملیں جو ایک دوسرے سے سو گز کے فاصلے پر پڑی تھیں۔ لیویز نے لاشیں تحویل میں لے کر سول اسپتال قلات پہنچادیں۔ لیویز حکام کے مطابق دونوں افراد کی عمریں30سے35سال کے درمیان ہیں اور انہیں تشدد کرکے اور گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ ایک لاش چار سے پانچ روز پرانی ہے جس سے ملنے والی پرچی پر انہیں آباد کار اور پنجاب کا رہائشی بتایا گیا ہے تاہم مقتول کا نام درج نہیں کیا گیا۔ پر چی پر درج تحریر میں کہا گیا ہے کہ مقتول خفیہ اداروں کے لئے مخبری کرتا تھا اور اس قتل کی ذمہ داری بلوچ یونائیٹڈ بلوچ قبول کرتی ہے۔ دوسری لاش بارہ سے چوبیس گھنٹے پرانی ہیں ۔ جیب سے ملنے والی پرچی کے مطابق مقتول کا نام خالق داد ولد حمل خان قوم سرمستانی ساکن کراچی ہے اور اس کے قتل کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔دریں اثناء ضلع پنجگور اور مستونگ میں تعمیراتی کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی گاڑیوں پر بم حملے کئے گئے ، دو گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پنجگور سمیع اللہ سومرو کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے چتکان میں غریب آباد کے قریب اس وقت دھماکا کیا گیا جب وہاں سے ایف ڈبلیو او کی دو گاڑیاں گزر ہی تھیں ۔ڈی پی او کے مطابق دھماکا دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جو نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔دھماکے سے ایف ڈبلیو او کی گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد ایف سی کی کوئیک رسپانس ٹیم اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس سے قبل ضلع مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کھڈ کوچہ کے قریب بھی سڑک کنارے دھماکے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی گاڑیاں بال بال بچ گئیں۔ دھماکا ایف ڈبلیو او کی گاڑیوں سے چند سو میٹر کے فاصلے پر ہواتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں نامعلوم افراد نے 12انچ قطرکی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس کے باعث کنواں نمبر 7 اور کنواں نمبر 10 سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ۔