|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایرانی سرحدی فورسز نے پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل کے علاقے میں24راکٹ کے گولے داغے ، ایف سی کی جوابی کارروائی پر ایرانی فورسز کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔ فرنٹیئر کور کے ذرائع کے مطابق پاک ایران سرحد سے ملحقہ ضلع واشک کی ماشکیل سے ساٹھ کلو میٹر دور جولی شام کے مقام پر ایرانی حدود کی جانب سے یکے بعد دیگرے راکٹ کے چوبیس گولے داغے گئے جو ایف سی کی چیک پوسٹ سے مغرب کی طرف صرف دو کلو میٹر کے فاصلے پر خالی میدان میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس موقع پر سرحد پر تعینات فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی اور مارٹر گولوں کے ساتھ ساتھ ایل ایم جی سے فائر کئے جس کے بعد ایرانی فورسز نے فائرنگ کا سلسلہ بند کردیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایرانی فورسز متعدد بار پاکستان سرحد کی خلاف ورزی کرچکی ہے ۔ ایک ہفتے قبل بھی پنجگور سے ملحقہ علاقوں میں ایرانی حدود سے مارٹر گولے داغے گئے ۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی خلاف ورزی کا معاملہ اگست میں ہونے والے پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن میں بھی اٹھایا جائے گا۔