|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2014

انگلش فٹبال ٹیم کے رکن جیک ولشیئر کا کہنا ہے کہ سنیچر کو عالمی مقابلوں کے افتتاحی میچ میں اٹلی کے تجربہ کار کھلاڑی آندریا پرلو کو روکنا انگلش ٹیم کی حکمتِ عملی کا مرکز ہوگا۔ 35 سالہ اطالوی مڈ فیلڈر نے یورو 2012 کے کوارٹر فائنل میں انگلش ٹیم کو اپنی پاسنگ کی صلاحیت سے پریشان کیے رکھا تھا۔ ولشیئر نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم نے اپنے وارم اپ میچوں کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھرپور طریقے سے استعمال کیا ہے۔ 22 سالہ انگلش فٹبالر نے کہا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ پرلو بہترین کھلاڑی ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ ’میچ کے دوران ایسے مواقع آتے ہیں جب وہ گیند حاصل کرتے ہیں اور تبھی ہمیں ان کا راستہ روکنا ہوگا اور ان کے گیند آگے بڑھانے کا سلسلہ روکنا ہوگا۔‘ انگلش فٹبال کلب آرسنل کے لیے کلب فٹ بال کھیلنے والے ولشیئر نے یہ بھی کہا کہ پرلو ’ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ وہ میچ کی شکل تبدیل کر دیتے ہیں اور ہم دو برس قبل یورو مقابلوں میں اس کا مظاہرہ دیکھ چکے ہیں۔‘ موسم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انگلش فٹبالر نے کہا کہ ان کی ٹیم مناس کے سخت موسمی حالات سے پریشان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’شاید جب ہم نے ڈراز دیکھے تو ہم کچھ پریشان ہوئے تھے لیکن اب ہم تیار ہیں۔ ہم نے پرتگال میں سخت تربیت کی ہے، پھر ہم میامی گئے تاکہ ماحول سے ہم آہنگ ہو سکیں۔‘ ولشیئر نے کہا کہ انگلش سکواڈ کے ڈریسنگ روم میں ٹھنڈا رکھنے کا نظام موجود ہے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ گرمی سے بچایا جا سکے۔ ہم بالکل تیار ہیں۔‘ انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز سنیچر کو اٹلی کے خلاف میچ سے کرے گی جو کہ برطانوی وقت کے مطابق رات 11 بجے منعقد ہوگا۔