راولپنڈی: پاک فوج نے ملک بھر میں ہونے والے حملوں کے بعد بدھ کو شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھرپور انداز میں فضائی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس بات کا فیصلہ چیف آف آرمی اسٹاف نے بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے فارمیشن کمانڈرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
خیال رہے کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں نعقد ہوا جب گزشتہ روز منگل کو وزیر اعظم کی زیرصدارت سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس میں حکومتی اور فوجی قیادت نے دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا تھا۔
اجلاس میں ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کا پتہ لگانے اور نگرانی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے فوج کے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ششماہی اجلاس میں تمام کور کمانڈرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی جس میں ملکی سیکورٹی صورتحال پر تفصٰلی بریفنگ کے ساتھ ساتھ فوج سے منسلک پیشہ ورانہ امور بھی زیر غور آئے۔
اس موقع پر شمالی وزیرستان اور وادی تیراہ میں اہداف کا جائزہ بھی لیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں جائع نہیں جائیں گی۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں اجلاس میں دہشت گردوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو فوجی تربیت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔