ایران کے دارلحکومت تہران میں پولیس نے کیفے اور ہوٹلوں میں ورلڈ کپ کے میچ دکھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایرانی نیوز ویب سائٹ افکار کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ایران کے میچوں پر بھی ہوگا۔ ایران کی کیفے یونین نے تمام ممبران سے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی نشریات کے دوران اپنے چینل تبدیل کر دیں یا پھر ٹی وی ہی بند کر دیں۔
کیفے مالکان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کہا گیا ہے کہ وہ رات 12 بجے کے بعد کیفے کھلا نہیں رکھ سکتے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق بہت سے کیفے اس پابندی کا اطلاق کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جبکہ کچھ کیفیز نے پورے ٹورنامنٹ کے میچوں کے نشریاتی اوقات بھی شائع کیے ہیں۔
شہر کے ہوٹلوں کی ایک مختلف یونین نے کہا ہے کہ ہوٹل مالکان اگر میچ دیکھنے والے مجمعے پر قابو پالیں تو وہ میچ دکھا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ایرانی پولیس نے ملک بھر کے سینیما گھروں میں مردوں اور عورتوں کے ایک ساتھ فٹبال ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد سینیما مالکان نے بیان جاری کیا کہ وہ مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ میچ نہیں دکھائیں گے۔
تاہم ایرانی شائقین ورلڈ کپ کے میچ ایران کے مختلف پارکوں میں بڑی سکرینوں پر اور اپنے گھروں میں دیکھ سکیں گے۔
ایران کا پہلا میچ 16 جون کو نائجیریا کے خلاف ہے جبکہ ایران کے گروپ میں دوسری دو ٹیمیں ارجنٹینا اور بوسنیا ہرزوگوینا ہیں۔