|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2014

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دارینوازشریف، شہباز شریف، چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق، پرویز رشید ، رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی ہر ہوگی۔ لاہور میں کینیڈا سے اپنے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے قائد نے کہا کہ وہ 23 جون بروز پیر اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ رہے ہیں، حکومت وقت ایک جانب کہہ رہی ہے کہ اس تحریک کی کوئی حیثیت نہیں عوام کی اصل طاقت ان کے ساتھ ہے، اگر حکومت وقت کا موقف درست ہے تو پھر وہ کیوں گبھرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق یا پنجاب حکومت نے ان کی وطن آمد پر ایسے اقدام کئے  جس سے امن و امان کو نقصان پہنچا تو تمام تر نتائج کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ملک میں قیام کے دوران اگر انہیں اور ان کے خاندان کے کسی فرد یا ان کی جماعت کے کسی رہنما کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت کے بعض ذمہ داران ہوں گے۔ وہ عوام کے سامنے پیشگی ایف آئی آر درج کرارہے ہیں کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو وزیراعظم نوازشریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق، پرویز رشید ، رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی ذمہ دارہوں گے ۔  انہوں نے کہا کہ ان کے وطن میں قیام کے دوران دہشت گردی کا واقعہ کرایا جاسکتا ہے کیونکہ دہشت گردوں کے کئی گروہ موجودہ حکومت کی براہ راست رہنمائی اور کنٹرول میں کام کررہے ہیں۔ انہیں وفاقی اور پنجاب حکومت پر بالکل بھروسہ نہیں یہ اپنے اقتدار، لوٹ مار، کرپشن اور خاندانی بادشاہت کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ اس لئے آمد کے موقع پرسیکیورٹی فوج سنبھالے۔