|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2014

اسلام آباد: برازیل کے سفیر الفریڈو لیونی کا کہنا ہے کہ تقریباً 500 پاکستانی کل شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کو دیکھنے کے لیے برازیل جاسکیں گے۔ برازیلی سفارت خانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریباً 200 پاکستان میں مقیم افراد کو ویزے جاری کردیے ہیں جبکہ دیگر پاکستانی فٹ بال شائقین دنیا کے مختلف حصوں سے برازیل کا رخ کریں گے۔ ‘ہم نے پاکستان میں سو فیصد افراد کو ویزے پر چھوٹ دے رکھی ہے تاکہ پاکستانی فٹ بال مداح فٹ بال کے اس عالمی میلے سے لطف اندوز ہوسکیں۔’ اس موقع پر لیونی نے پاکستانی فٹ بالز کی تعریف کی جنہیں برازیل میں ہونے والے اس عالمی ٹورنامنٹ میں استعمال کیا جائے گا۔ پاکستان کو یہ کانٹریکٹ اس وقت ملا جب چینی سپلائر ایڈیڈاز فٹ بالز کی طلب کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔ ایسی صورت حال میں سیالکوٹی مینوفیکچرر ‘فارورڈ اسپورٹس’ نے موقع کو دونوں ہاتھوں سے دبوچ لیا۔ حالانکہ قومی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی تاہم پاکستان میں بنائی گئی فٹ بال ‘برازوکا’ ملک کی نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی فٹ بال رینکنگ 164 ہونے کے باوجود اس نے فٹ بال بنانے میں تمام ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا اور انہیں فخر ہے کہ وہ اس ملک کے سفیر ہیں۔ دنیا بھر میں ہاتھ سے بنائی گئی 70 فیصد فٹ بالز پاکستان میں بنائی جاتی ہیں جبکہ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے 60 ملین فٹ بالز بنائی گئیں۔ پاکستانی شہر سیالکوٹ فٹ بال بنانے کا حب تصور کیا جاتا ہے۔