بیسویں فٹ بال ورلڈ کپ میں ہفتےکو تین میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے سب سے اہم میچ گروپ آف ڈیتھ کا دوسرا میچ انگلینڈ اور اور اٹلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
آج گروپ سی میں کولمبیا کا مقابلہ یونان سے ہوگا جبکہ گروپ ڈی کے پہلے میچ میں یوراگوئے اور کوسٹاریکا آمنے سامنے ہوں گے۔ اس کے علاوہ انگلینڈ اپنا پہلا اور گروپ ڈی کا دوسرا میچ اٹلی کے خلاف کھیلے گا۔
کولمبیا اور یونان کے درمیان آج کے پہلے میچ میں کولمبیا کے دو اہم کھلاڑی نہیں شامل ہیں جن میں ان کے مڈفیلڈر ایڈون بیلینسیا اور سٹرائکر راڈیمل فلکاؤ شامل ہیں۔ ان مشکل لمحات میں اٹیک کی ذمہ داری فلکاؤ اور جیمز روڈریگز پر ہوگی۔
دوسری جانب یونان کی ٹیم دفاعی لحاظ سے بہت مضبوط ہے اور پچھلے دس میچوں میں انھوں نے صرف 4 گول کھائے ہیں جو کہ پورے یورپ میں سب سے کم ہیں۔
گروپ ڈی کے پہلے میچ میں یوراگوئے کی امیدیں لوئس سوریز پر تھیں لیکن ان کی اس میچ میں شرکت مشکوک ہونے کے بعد ڈیگو فارلان اور ایڈیسن کوینی کو اٹیک کی ذمہ داری ملنے کی توقع ہے۔
کوسٹاریکا کی طرف سے برطانوی کلب آرسنل کے سٹرائکر جوئل کیمبل اٹیک کی سربراہی کریں گے۔ یاد رہے کہ دونوں فریقین کے مابین کھیلے گئے پچھلے آٹھ میچوں میں سے کوسٹاریکا ایک بھی میچ نہیں جیت پایا۔
دن کا سب سے اہم میچ اور گروپ آف ڈیتھ کا دوسرا میچ انگلینڈ اور اور اٹلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ روئے ہڈسن کی انگلینڈ کو تھیو والکوٹ اور ڈینی ویلبیک جیسے اہم کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی جس کے بعد اٹیک کی ذمہ داری وائن رونی پر عائد ہوگی۔ اٹلی کی امیدیں ماریو بالاٹلی پر ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کو سب سے اہم مسئلہ آج موسم کا ہوگا۔