برازیل میں 20ویں فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ بی کے دوسرے میچ میں چلّی نے آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔
کوئیبا میں کھیلے گئے میچ میں چلی نے آغاز سے ہی آسٹریلیا کو دفاعی کھیل کھیلنے پر مجبور کیا اور اس کے گول پر پے درپے حملے کیے۔
چلی کو پہلی کامیابی 12ویں منٹ میں اس وقت ملی جب الیکسس سانچیز نے آسٹریلیا کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچا دیا۔
آسٹریلوی ٹیم اس گول کے اثر سے باہر نہ نکل بھی نہ پائی تھی کہ ہورہے والدیویا نے دو منٹ بعد ہی چلی کی برتری دوگنی کر دی۔
دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ ٹیم کے تجربہ کار فارورڈ ٹم کے ہل کے گول کی شکل میں برآمد ہوا۔
کے ہل نے ڈی میں آنے والے ایک اونچے پاس کو اپنے نپے تلے ہیڈ سے گول میں پہنچایا اور ٹیم کا خسارہ کم کیا۔
یہ ٹم کے ہل کا ورلڈ کپ مقابلوں میں تیسرا گول تھا۔
دوسرے ہاف میں آسٹریلوی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور چلی کے گول پر لگاتار حملے کیے۔
ایسی ہی ایک کوشش کے دوران ٹم کے ہل نے ایک بار پھر گیند گول میں پہنچائی لیکن آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے یہ گول مسترد کر دیا گیا۔
چلی کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں بھی اپنی برتری میں اضافے کی کوششیں کی اور ایک موقع پر تو گیند آسٹریلوی گول تک پہنچ ہی گئی تھی لیکن دفاعی کھلاڑی نے گول لائن پر کک لگا کر اسے باہر پھینک دیا۔
تاہم میچ کے آخری لمحات میں ژاں بیژور نے گول کر کے چلی کی فتح یقینی بنا دی۔
آسٹریلوی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں شریک ہے جبکہ چلی کا یہ نواں ورلڈ کپ ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ 2014 میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں میں سب سے کم عالمی رینکنگ رکھنے والی ٹیم ہے۔