|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2014

فیفا فٹبال ورلڈ کپ مقابلے میں گروپ سی کے ایک میچ میں آئیوری کوسٹ نے جاپان کو ایک کے مقابلے دو گولز سے ہرا دیا ہے۔ میچ کے پہلے نصف میں جاپان ایک صفر کی برتری کے ساتھ میچ میں سبقت رکھتا تھا تاہم ميچ کے 63 ویں منٹ میں آئیوری کوسٹ نے لگاتار دو گول کرکے میچ کو اپنے حق میں کر لیا اور اخیر تک ان کی سبقت برقرار رہی۔ کھیل کے 16 ویں منٹ میں جاپان کے کیسوکے ہونڈا نے بائیں پاؤں سے گول کے بائیں جانب شاٹ لگاکر گول کیا۔ ان کے اس گول میں یاتوناگاموتو کی کوششیں بھی شامل تھیں۔ دوسرے نصف کے شروع سے ہی آئیوری کوسٹ کی ٹیم کھیل پر حاوی رہی اور نوے منٹ کا کھیل پورا ہونے تک گیند ان کے قبضے میں 58 فی صد رہی۔ آئیوری کوسٹ کے کھیل میں اس وقت تبدیلی آئی جب انھوں نے اپنے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ڈروگبا کو میچ کے 63 ویں منٹ میں میدان پر متبادل کے طور پر اتارا۔ اس کے فورا بعد آئیوری کوسٹ نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے میچ کو اپنے حق میں کر لیا۔ کھیل کے 64 وین منٹ میں پہلے ولفرڈ بونی نے اپنے ہیڈر سے جاپان کے گول کیپر کو چکمہ دے کر آئیوری کوسٹ کو برابری پر لا کھڑا کیا اور اس کے فورا بعد 66ویں منٹ میں جرون ہو کے ہیڈر نے انھیں سبقت دلادی جو کہ کھیل کے اختتام تک ناقابل تسخیر ثابت ہوئی۔ واضح رہے کہ دونوں گول میں اہم کردار سرجی آریئر نے ادا کیا تھا کیونکہ دونوں بار انھی کے کراس شاٹ پر ہیڈ کیا گیا تھا۔ ميچ سے قبل آئیوری کوسٹ کے کوچ سبری لاموچی نے تسلیم کیا تھا کہ ان کی تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں تاہم انھوں نے اپنے سٹار کھلاڑی یایا ٹورے کی شمولیت کی بات کہی تھی۔ آئیوری کوسٹ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور گول پر 21 بار حملہ کیا۔ پانچ بار ان کا حملہ ہدف پر تھا جن میں سے دو گول میں تبدیل ہو گیا۔ جاپان کی جانب سے پانچ جبکہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے آٹھ کارنرز لیے گئے۔ جاپان نے13 بار فاؤل کیا تو مخالف ٹیم نے 12 بار۔ دونوں ٹیم کے دو دو کھلاڑیوں کی یلو یعنی زرد کارڈ دکھایا گیا۔ برازیل کے شہر ریسائف کے ارینا پرنامبوکو میں کھیلے جانے اس ميچ میں کامیابی کے ساتھ آئیوری کوسٹ کو تین اہم پوائنٹس مل گئے ہیں۔ اس سے قبل کل شام کو گروپ سی کے پہلے میچ میں کولمبیا نے گریس یعنی یونان کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دیا تھا۔