|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2014

ورلڈ کپ 2014 کےگروپ جی کے ایک مقابلے میں جرمنی نے پرتگال کو ایک یکطرفہ مقابلے میں چار صفر سے ہرا دیا۔ میچ کا آغاز انتہائی تیز انداز سے ہوا اور پرتگال کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے جرمن گول پر پہلا حملہ کیا جو جرمنی کے دفاعی کھلاڑیوں نے باآسانی ناکام بنا دیا۔ میچ کے پندرھویں منٹ میں جرمنی نے اس وقت برتری حاصل کر لی جب توماس مولر نے پنلٹی کک پر پہلا گول کر دیا۔ جرمن ٹیم توماس مولر کے دو گولوں کی بدولت پہلے ہاف کے اختتام پر تین صفر کی برتری حاصل کر چکی تھی۔ ماہرین کے مطابق اب پرتگال کے لیے اس میچ کو جیتنا ناممکن ہو چکا تھا اور کرسٹیانو رونالڈ کو اپنے آپ کو اگلے میچ کے لیے فٹ رکھنے کے لیے گراؤنڈ سے باہر جانے کا مشورہ دینے لگے۔ کرسٹیانو رونالڈو نوے منٹ کا پورا میچ کھیلے۔ پرتگال کی ٹیم میچ کا زیادہ حصہ دس کھلاڑیوں سے کھیلتی رہی۔ پرتگالی دفاعی کھلاڑی پیپے کو اس وقت ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا جب اس نے اپنا سر جرمن کھلاڑی توماس مولر سے ٹکرایا۔ پیپے نے توماس مولر کی ’ادکاری‘ سے ناراض ہو کر ایسی حرکت کی جس پر ماہرین حیران رہ گئے۔ ماہرین کی مطابق پیپے کی ’حماقت‘ کے بعد ریفری کے پاس اسے کارڈ دکھانے کے علاوہ کوئی چارہ ہی نہیں رہ گیا تھا۔ پیپے نے اپنے رویے سے اپنی ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر دیں۔ میچ کے دوسرے ہاف میں توماس مولر نے ایک اور گول کر کے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ فٹبال ماہر ٹونی پیولس کے مطابق: ’جرمنی نے پورا میچ انتہائی تحمل سے کھیلا۔ کسی لمحے بھی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ جرمنی کی دفاعی لائن بھی مضبوط نظر آئی۔ پرتگال کی صورتحال سپین جیسی ہے۔ پرتگال کے لیے آج کچھ بھی صحیح نہیں ہوا۔ لیکن اگر وہ اپنے اگلے دو میچ جیت گئے تو وہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔‘