ورلڈکپ 2014 گروپ اے کےمیچ میں میکسیکو کےگول کیپر اوچاوا کی شاندار کارکردگی کی وجہ ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم برازیل میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز پر برازیل کے کوچ فلپےسکولاری نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیےان کی ٹیم کو صرف سات قدم اٹھانے ہیں۔
تاہم ورلڈ کپ کے اس سفر میں برازیل اپنے دوسرے قدم پر قدرے ڈگمگا گیا ہے۔
برازیل دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر چکا ہے اور ماہرین کے مطابق اسے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں دقت پیش نہیں آئے گی۔
برازیل نے پہلے اور دوسرے ہاف میں میکسیکو کےگول پر کئی حملے کیے لیکن میکسیکن گول اوچاوا نے کم از کم پانچ یقینی گول بچا کر میچ کو برابری پر ختم کر دیا۔
برازیل کی ٹیم جو اپنے مضبوط دفاع کی وجہ خاص شہرت رکھتی ہے اس میچ میں بھی عمدہ انداز میں دفاع کیا۔
میچ میں کئی ایسے مواقع بھی آئے جب میکسیکو کی ٹیم کھیل کو برازیل کے ہاف میں لے آئی لیکن برازیل کی دفاعی دیوار کو نہ ہلایا جا سکا۔
برازیل کے پاس تیاگو سلوا کی شکل میں دنیا کا بہترین دفاعی کھلاڑی ہے جن کا ساتھ ڈیوڈ لیوس دے رہے ہیں۔
میکسیکن گول کیپر اوچاوا مسلسل برازیلی کھلاڑیوں کے سامنے ڈٹے رہے اور نیمار کی یکے بعد دیگرے گول کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔
سرخ وردی میں ملبوس میکسیکو کے کھلاڑیوں نے کھیل کے آغاز سے ہی برازیلین فارورڈ نیمار کو روکنے کی ہر کوشش کی۔
دوسرے ہاف کے شروع میں میکسیکو کی ٹیم زیادہ منظم اور مربوط انداز میں کھیلی اور اس نے برازیلی گول پر لانگ رینج سے متعدد حملے کیے جو کارگر ثابت نہ ہو سکے۔
برازیل نے دوسرے ہاف میں ٹیم میں پہلی تبدیلی کی اور سٹرائیکر فریڈ کی جگہ جو کو گراونڈ میں بھیجا۔ جو کے گراونڈ میں آتے ہی برازیل کے کھیل کی رفتار یکدم بڑھ گئی۔
برازیل نے میکسیکو کے گول کو کئی منٹوں تک اپنے حصار میں رکھنے کے بعد جب گول پر حملہ کیا تو میکسیکن گول کیپر نے ہاتھ کی بجائے سینے سے گیند روک کر میچ کو برابری پر ختم کر دیا۔