کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کا ایک اہم ملزم ہلاک ہوگیا۔
سہیل عرف دادا نامی اس ملزم کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے بتایا گیا ہے، جو مختلف سنگین جرائم میں ملوث تھا۔
ملزم کی موجودگی کی اطلاعات ملنے پر پولیس نے لی مارکیٹ کے علاقے میں کارروائی کی۔
اس دوران دادا نامی ملزم نے پولیس پر فائرنگ کردی، تاہم پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہوگیا۔
مذکورہ ملزم پولیس کو متعدد جرائم کے الزامات کے تحت مطلوب تھا۔
سندھ حکومت نے اسے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے رکھی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم مبینہ طور پر سو سے زائد قتل، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی جیسی وارداتوں میں ملوث تھا۔
رینجرز کی کارروائی:
اسی دوران رینجرز کی جانب کراچی کے علاقے رام سوامی میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
آپریشن کے دوران رینجرز نے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، جن کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ بعد میں ان افراد کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ شیر شاہ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔
سعید خان نامی اس شخص کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ .