|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2014

اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام فضل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کے ساتھ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ جمیعت علمائے اسلام کے ایک ترجمان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ‘مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں زور دیا کہ شمالی وزیرستان سے نقلِ مکانی کرنے والے متاثرین کی مؤثر انداز میں دیکھ بھال کی جائے’۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن ‘ضربِ عضب’ کے بعد کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں لاہور کے واقعہ پر بھی بات چیت کی گئی اور فضل الرحمان نے وزیراعظم پر زور دیا کہ اس واقعہ کی آزادانہ عدالتی کارروائی ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کے علاوہ شمالی وزیرستان میں جاری پاک فوج کا آپریشن ضربِ عضب بھی زیرِ بحث آیا۔