|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2014

فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں گروپ سی کے ایک میچ میں جاپان اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ہے اور یوں دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ نٹال میں جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں جاپان کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسے گول کرنے کے متعدد اچھے مواقع بھی ملے مگر وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ یونانی ٹیم نے اس میچ میں شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے ہاف میں جاپانی کھلاڑیوں کو خطرناک طریقے سے گرانے پر ریفری نے یونان کے کپتان کاٹسوریناس کو پیلا کارڈ اور ساتھ ہی لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔ اس کے بعد یونانی ٹیم یہ میچ اپنے ریگولر کپتان کے بغیر اور دس کھلاڑیوں سے کھیلی۔ پہلے ہاف میں جاپان کے اچھے کھیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں جاپانیوں کی گیند پر قبضہ کی شرح 75 فیصد رہی جبکہ بقیہ 25 فیصد وقت گیند یونان کے حصے میں آئی۔ تاہم دونوں ٹیموں نے اس ہاف میں دس سے زائد فاؤل بھی کیے۔ دوسرے ہاف میں جاپانی ٹیم یونانی ٹیم میں ایک رکن کی کمی سے بھی کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکی اور جاپانی کھلاڑیوں میں فنشنگ کی شدید کمی دیکھنے کو ملی۔ جاپان اور یونان کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں پہلی بار مدِمقابل تھیں اور اس کا اظہار ان کے کھیل کو دیکھ کر بھی ہوا۔ دونوں ٹیموں کی کھیلنے کی تکنیک سے یہ اندازہ ہو رہا تھا کہ انھیں ایک دوسرے کے کھیلنے کے انداز کے بارے میں بالکل علم نہیں ہے۔ اس میچ کے برابر رہنے کے بعد دونوں ٹیموں کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔