برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں یوروگوائے نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔
ساؤ پاؤلو میں جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلش کلب لیورپول کے لیے کھیلنے والے یوروگوائے کے سٹرائیکر لوئس سواریز دونوں ٹیموں میں بنیادی فرق ثابت ہوئے۔
انھوں نے پہلے ہاف میں اپنی ٹیم کو برتری دلوائی اور دوسرے ہاف کے آخر میں میچ کا فیصلہ کن گول کیا۔
اس میچ میں ابتدا سے ہی یوروگوائے کے کھلاڑیوں نے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش گول پر کئی خطرناک حملے کیے۔
انگلینڈ کی طرف سے بھی جوابی حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور وین رونی اس دوران تین مواقع پر گول کرنے میں ناکام رہے۔
یوروگوائے کا پہلا گول کھیل کے 39ویں منٹ میں اس وقت ہوا جب کاوانی کے پاس کو سواریز نے ہیڈ لگا کر انگلش گول میں پہنچا دیا۔
پہلا ہاف یوروگوائے کی برتری پر ختم ہوا اور دوسرے ہاف کے آغاز میں بھی انگلش ٹیم کو مخالف ٹیم کے پے درپے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ان حملوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ نے میچ برابر کرنے کی اپنی کوششوں میں بھی اضافہ کر دیا جس کا مثبت نتیجہ 75ویں منٹ میں سامنے آیا جب وین رونی نے جانسن کے پاس پر گول کر دیا۔
یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں وین رونی کا پہلا گول تھا۔
میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے مخالف گول پر حملے جاری رہے اور لوئس سواریز نے 85ویں منٹ میں یورگورائے کے لیے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلوا دی۔
میچ کے خاتمے کے بعد کھلاڑیوں نے سواریز کو کندھوں پہ اٹھا لیا اور سٹیڈیم میں موجود یوروگوائے کے 20 ہزار مداحوں کا شور اور جوش قابلِ دید تھا۔
رائے ہاجسن کی انگلش ٹیم اب اس ورلڈ کپ میں لگاتار دو میچ ہار چکی ہے اور اب انھیں دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کی لیے دوا سے زیادہ دعا کی ضرورت ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم اب اگلے مرحلے میں صرف اسی صورت میں پہنچ پائے گی کہ نہ صرف وہ کوسٹاریکار کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیتے بلکہ اٹلی اپنے بقیہ دو گروپ میچوں میں کوسٹاریکا اور یوروگوائے کو شکست دے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تب بھی انگلینڈ کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کا دارومدار گولوں کے فرق پر ہوگا۔