|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2014

برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈکپ کے دوران جمعے کو تین میچ کھیلے جا رہے ہیں جن میں گروپ ڈی کی دو اور گروپ ای کی چاروں ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ دن کا پہلا میچ گروپ ڈی کی دو ٹیموں اٹلی اور کوسٹاریکا کے مابین ہوگا اور اس کے نتیجے پر ان دونوں ٹیموں سے زیادہ انگلش فٹبال ٹیم کی نظر ہوگی۔ یوروگوائے سے شکست کے بعد انگلش ٹیم کے اگلے راؤنڈ میں رسائی کا دارومدار اس میچ میں اٹلی کی لازمی فتح پر ہے۔ تاہم اٹلی تو فتح کی صورت میں یقینی طور پر دوسرے مرحلے میں پہنچ جائے گی لیکن انگلینڈ کے لیے ابھی امتحان اور بھی ہوں گے۔ یہ اٹلی اور کوسٹاریکا کا اس راؤنڈ میں دوسرا میچ ہے اور دونوں ہی اپنے پہلے میچ میں فاتح رہی ہیں۔ کوسٹاریکا کی ٹیم اس ورلڈ کپ کے سب سے مشکل گروپ کی سب سے ناتجربہ کار ٹیم ہے لیکن پھر بھی اس وقت وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ اس کے پاس اٹلی کے خلاف میچ میں فتح کی صورت میں پہلی بار دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع ہے اور یوروگوائے کو شکست دے کر اپ سیٹ کرنے والی یہ ٹیم یقینی طور پر اٹلی کے لیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوگی۔ اٹلی کو اس میچ کے لیے اپنے تجربہ کار گول کیپر بوفون کی خدمات حاصل ہوں گی جنھوں نے تربیتی سیشن میں حصہ لیا ہے۔ تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ میچ سے قبل ہی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آندریے برزاگلی اور دینیل دی روسی کو کھلانے کا حتمی فیصلہ بھی جمعے کو ہی ہوگا۔ ماضی میں اٹلی اور کوسٹاریکا ایک ہی بار مدِمقابل آئے ہیں اور 1994 میں ہونے والے دوستانہ میچ میں اٹلی نے ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔

گروپ ای

دن کے دوسرے میچ میں سابق عالمی چیمپیئن فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ جیت چکی ہیں اور اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے فیورٹ ہیں۔ اس لیے بنیادی طور پر یہ میچ اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیم اس گروپ میں سرِفہرست رہ سکتی ہے۔ فیفا کی عالمی درجہ بندی میں سوئس ٹیم فرانس سے 11 درجے بہتر یعنی چھٹی پوزیشن پر ہے لیکن اس کے باوجود سوئس ٹیم کے نائب کوچ اپنی ٹیم کو فیورٹ ماننے کے لیے تیار نہیں۔ سوئس اسسٹنٹ کوچ مائیکل پونٹ کا کہنا ہے کہ ’ہم اور فیورٹ۔ ایسا کچھ نہیں ہے۔ میں فرانس کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی کا معترف ہوں۔ ان میں باہمی ربط ہے اور ان کی خامیاں تلاش کرنا بہت مشکل ہے۔‘ اس میچ میں فرانس کے تین کھلاڑیوں چبائی، پیٹرک ایورا اور پال پوگبا کو محتاط رہنا ہوگا کیونکہ ایک بھی پیلا کارڈ انھیں اگلے میچ کے لیے معطل کروا دے گا۔ جمعے کو تیسرا اور آخری میچ گروپ ای کی ہی بقیہ دو ٹیموں ہونڈورس اور ایکواڈور کے مابین ہے اور اس میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے لیے اگلے راؤنڈ تک رسائی کی موہوم سی امید برقرار رہے گی لیکن شکست خوردہ ٹیم کا ورلڈ کپ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔