اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر سال ایک لاکھ طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔
لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزایر اعظم نے کہا کہ اس لیپ ٹاپ کا ڈیزائن مریم نواز نے پیش کیا اور انہوں نے اس کی منظوری دی۔
تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ‘اصل دنیا یہ ہے جو میرے سامنےبیٹھی ہے اور ن لیگ کی حکومت کو نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے’۔
ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نےکہا کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ انقلاب نوجوانوں نے برپا کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کے اندھیروں کو روشنیوں میں بدل سکتے ہیں اور ن لیگ کی حکومت کو نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔
انھوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے کیونکہ ایک پارٹی دھرنےکی بات کرتی ہے تو دوسری سب الٹنےکی بات کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انہوں نے تو گزشتہ حکومت کے خلاف کبھی دھرنے اور ہڑتالیں نہیں کیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمیں پانچ سال تک ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو اللہ تعالیٰ ملک کی قسمت بدل دے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم گوادرکو ہانگ کانگ اور دبئی جیسی بندرگاہ بنائیں گے اور درہ خنجراب سے گوادر تک سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا ۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کراچی تک موٹر وے بنا رہی ہے۔
بجٹ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بجٹ میں عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا۔
‘ہماری اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور ملک میں کاروباری سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔’
بجلی کے بحران کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں ملک سے بجلی کا بحران ختم کردیں گے اور پانچ سالوں میں بجلی کی کمی پوری کر دیں گے۔
سیکورٹی کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ انہیں بھی سیکورٹی خدشات لاحق ہیں اور آج کے پروگرام کے لیے بھی انہیں سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کردیں گے۔