برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈکپ کے دوران اتوار کو تین میچ کھیلے جائیں گے جن میں گروپ ایچ کی تمام اور گروپ جی کی دو ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
اتوار کو کھیلے جانے والے آخری میچ میں رونالڈو ایک مرتبہ پھر میدان میں اتریں گے۔
پرتگال اپنے دوسرے گروپ میچ میں امریکہ سے کھیلے گا اور جرمنی سے شکست کے بعد پرتگال کے لیے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
پرتگال کے پہلے گروپ میچ میں اسے جرمنی نے ایک یکطرفہ مقابلے میں چار صفر سے ہرا دیا تھا۔
اس میچ میں پرتگال کے دفاعی کھلاڑی پیپے کو اس وقت ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا جب اس نے اپنا سر جرمن کھلاڑی توماس مولر سے ٹکرایا۔
پرتگال کے سٹرائیکر رونالڈو کو گھٹنے پر ٹیپ لگا کر ٹریننگ میں دیکھا گیا لیکن وہ میچ کے آغاز میں ہی میدان میں اتریں گے۔
امریکہ کے کوچ کلنزمین کو امید ہے کہ اس مرتبہ پرتگال کی جو ٹیم میدان میں اترے گی وہ جرمنی کی ہاتھوں شکست کھانے والی ٹیم سے مختلف ہوگی۔
ان کا کہنا تھا ’پرتگال کی ٹیم اس مرتبہ میدان میں غصے میں آئے گی اور پتہ نہیں کہ رونالڈو غصے میں کیسا کھیلیں گے۔ ہمیں پرتگال کو دکھانا ہوگا کہ ہم ایک اچھی ٹیم ہیں۔‘
اس سے پہلے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے دو دو میچ جیتیں ہیں جبکہ ایک میچ برابر ہوگیا تھا۔
اتوار کو پہلا میچ بیلجیئم اور روس کے درمیان کھیلا جائے گا۔
بیلجئم کے کپتان وِنسینٹ کومپنی گذشتہ منگل کو الجزائر کے خلاف میچ کے آخری منٹوں میں زخمی ہوگئے تھے لیکن کوچ کو امید ہے کہ وہ اس میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ بیلجیئم نے اس میچ میں الجزائر کو 2- 1 سے شکست دی تھی۔
اگر بیلجیئم نے اس میچ میں روس کو ہرا دیا تو وہ دوسرے مرحلے کے کوالیفائی کر لے گا۔
اس سے پہلے ان دونوں ٹیموں کے درمیان آٹھ میچ ہوئے ہیں جس میں سے روس نے چار جبکہ بیلجیئم نے تین میچ جیتے ہیں۔
اتوار کو دوسرا میچ جنوبی کوریا اور الجزائر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایک مرتبہ 1985 میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں تھی اور یہ میچ جنوبی کوریا نے 2 – 0 سے جیت لیا تھا۔