برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈ کپ کے دوران منگل کو گروپ سی اور ڈی کی تمام ٹیمیں یعنی جاپان، آئیوری کوسٹ، یونان، کولمبیا، اٹلی، انگلینڈ، کوسٹاریکا اور یوروگوائے پہلے مرحلے کے اپنے آخری میچوں میں میدان میں اتریں گی۔
پہلے گروپ ڈی کے دو میچ برطانوی وقت کے مطابق شام پانچ بجے منعقد ہوں گے اور پھر گروپ سی کی ٹیمیں رات نو بجے آمنے سامنے آئیں گی۔
گروپ ڈی
گروپ ڈی کے پہلے میچ میں بیلو ہوریزینتے میں کوسٹاریکا اور انگلینڈ کا مقابلہ ہوگا اور دوسرے اور اہم میچ میں اٹلی اور یوروگوائے کی ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں رسائی کی فیصلہ کن جنگ لڑیں گی۔
کوسٹاریکا اور انگلینڈ کے میچ کا نتیجہ اگر کوسٹاریکا کے حق میں نہ نکلا تو اس سے گروپ پوزیشن پر تو فرق پڑ سکتا ہے لیکن کوئی بھی نتیجہ کوسٹاریکا کو اگلے مرحلے میں جانے سے نہیں روک سکتا۔
ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی دونوں میچ ہارنے والی انگلینڈ کی ٹیم اس میچ میں اپنے نام اور ساکھ کے لیے کھیلے گی اور اس کی کوشش ہوگی کہ وہ کم از کم ایک پوائنٹ کے ساتھ اپنے ورلڈ کپ کا اختتام کرے۔
انگلینڈ 1958 کے بعد پہلی بار فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں پہنچنے میں ناکام ہوا اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار دونوں ابتدائی میچ ہارا ہے۔
ادھر کوسٹاریکا جسے اس ’گروپ آف ڈیتھ‘ کی سب سے کمزور اور ناتجربہ کار ٹیم قرار دیا جا رہا تھا واقعی ایک ’ڈارک ہارس‘ ثابت ہوئی ہے اور ماہرین اور مبصرین اسے اگلے راؤنڈ میں بڑی ٹیموں کے لیے بڑا خطرہ قرار دے رہے ہیں۔
انگلینڈ نے اس میچ کے لیے یوروگوائے سے ہارنے والی ٹیم میں نو تبدیلیاں کی ہیں اور گذشتہ میچ میں ٹیم کا واحد گول کرنے والے وین رونی بھی یہ میچ نہیں کھیلیں گے۔
گروپ ڈی کا دوسرا میچ نٹال میں اٹلی اور یوروگوائے کی ٹیموں کے مابین ہوگا اور جہاں یوروگوائے کو دوسرے راؤنڈ تک رسائی کے لیے یہ میچ لازماً جیتنا ہے وہیں برابری کا نتیجہ بھی اٹلی کو آگے لے جائے گا۔
اس وقت ان دونوں ٹیموں کے تین تین پوائنٹ ہیں تاہم گولوں کے بہتر فرق کی وجہ سے اٹلی گروپ میں دوسرے اور یوروگوائے تیسرے نمبر پر ہے۔
یوروگوائے کے کوچ آسکر تباریز کا کہنا ہے کہ ’میرے پاس ایک ایسا گروہ ہے جو دباؤ کا سامنا کرنے کا عادی ہے اور ایسے موقعوں پر اچھی کارکردگی دکھاتی ہے۔‘
اٹلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’وہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ہے اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک چیلنج ہوگا لیکن مجھے یقین ہے کہ ہمیں مواقع ملیں گے۔‘
گروپ سی
منگل کے بقیہ دو میچوں میں آئیوری کوسٹ کا مقابلہ یونان سے اور کولمبیا کا جاپان سے ہوگا۔
اس گروپ سے کولمبیا کی ٹیم پہلے ہی دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہے اور وہاں اس کا ساتھ دینے کے لیے بقیہ تینوں ٹیمیں اپنی بھرپور کوشش کریں گی۔
اس وقت گروپ میں پوائنٹس ٹیبل پر کولمبیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ آئیوری کوسٹ تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور جاپان اور یونان کا ایک ایک پوائنٹ ہے لیکن بہتر گول اوسط کی وجہ سے جاپان آگے ہے۔
آئیوری کوسٹ کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے یونان کے خلاف میچ صرف برابر کرنا ضروری ہے جبکہ یونان اگر اگلے مرحلے میں جانا چاہتا ہے تو اسے مدمقابل افریقی ٹیم کو نہ صرف بڑے فرق سے ہرانا ہوگا بلکہ جاپان اور کولمبیا کے میچ کے نتیجے کا انتظار بھی کرنا ہوگا۔
یونان کو اس میچ میں اپنے کپتان کوستاس کستورینس کی خدمات حاصل نہیں جو گذشتہ میچ میں سرخ کارڈ ملنے کی وجہ سے اس میچ کے لیے معطل ہیں۔
جاپان کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کا امکان صرف اسی صورت میں ہے کہ وہ نہ صرف کولمبیا کو شکست دے بلکہ آئیوری کوسٹ بھی یونان سے اپنا میچ ہار جائے۔