پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں آج منگل کی صبح ایک سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے سے خاصہ دار فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت علی کے نام سے ہوئی ہے جو مہمند ایجنسی کے علاقے قیوم آباد میں تعینات تھا۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اسی دوران سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 14 جون کو مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر ہونے والے حملے میں ایک پیرا ملٹری اہلکار ہلاک جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
مہمند ایجنسی پاک افغان سرحد کے قریب پاکستان کی سات قبائیلی ایجنسیوں میں سے ایک ہے، جسے طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
مہمند ایجنسی میں اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔