ساؤپولو(آزادی نیوز)برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے آسٹریلیا کو جبکہ ہالینڈ نے چلی کو شکست دیدی ۔گروپ بی کے ایک میچ میں دفاعی چیمپیئن سپین نے آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہر ادیا ۔سپین اور آسٹریلیا دونوں کا اس ورلڈ کپ میں سفر تو پہلے ہی تمام ہو چکا ہے لیکن اس فتح کے نتیجے میں سپین کو ٹورنامنٹ میں پہلے پوائنٹس ملے۔ کوئرتیبا میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اورگیند زیادہ تر اپنے کنٹرول میں رکھا۔ تاہم 15 منٹ کے کھیل کے بعد سپین کی ٹیم آہستہ آہستہ فارم میں آئی اور آسٹریلوی گول پر حملے شروع کیے۔ سپین کے ڈیوڈ ویا نے کئی اچھی شاٹس لگائیں اور آسٹریلوی ٹیم کو دباؤ میں لائے۔ سپین کو اس دباؤ کا نتیجہ 36 ویں منٹ میں گول کی صورت میں نکلا جب ویا نے انئیستا کے پاس پر ایڑھی گیند آسٹریلوی گول میں پھینک کر سپین کو برتری دلوا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر سپین کی برتری برقرار رہی۔ دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی سپین کی فارورڈ لائن نے برتری میں اضافے کی کوششیں کیں لیکن آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پہلے ہاف کی طرح ابتدا میں گیند بہتر انداز میں کنٹرول کی۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی 20 منٹ میں 60 فیصد وقت آسٹریلوی کھلاڑیوں کے قبضے میں رہی لیکن اس کے باوجود وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ سپین کا دوسرا گول بھی انیئستا کے پاس کا مرہونِ منت تھا۔ ان کے عمدہ پاس پر فرنینڈو ٹوریس نے 69ویں منٹ میں گیند گول میں پھینکنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ سپین کے لیے پہلا گول کرنے والے ڈیوڈ ویا کی جگہ میدان میں اتارے جانے والے ماٹانے تیسرا گول کیا اور فیبریگاس کے آسٹریلوی دفاعی کھلاڑیوں کے اوپر سے دیے گئے پاس پر ماٹاکے پاس گول کرنے کے لیے وقت ہی وقت تھا۔ ہسپانوی ٹیم کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی اور یوں 2010 کے دفاعی چیمپیئن کا ورلڈ کپ 2014 میں صرف تین پوائنٹس اور گروپ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ یہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر پانچواں اور لگاتار دوسرا موقع ہے کہ دفاعی چیمپیئن کا ٹورنامنٹ پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوا ہو۔ اس سے قبل 2010 میں دفاعی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم بھی پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی۔جبکہ گروپ بی کے ایک اور میچ میں ہالینڈ نے چلی کو دو صفر سے ہرا کر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے اور اب اس کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے ہو گا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ برابر تھا تاہم دوسرے ہاف میں ہالینڈ نے دو گول کر کے چلی کو ٹورنامنٹ کی پہلی شکست سے دوچار کیا۔ ہالینڈ کی جانب سے دونوں گول متبادل کھلاڑیوں لیروئے فراور اور میمفس ڈیپائے نے کیے۔ پہلے ہاف میں چلی کی ٹیم بہتر کھیلی اور ہالینڈ کے مقابلے میں گول کرنے کے زیادہ مواقع پیدا کیے۔ اسی ہاف میں چلی کے فیلیپے گوتیئریس کو گول کرنے کے دو سنہری مواقع ملے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ چلی کے سٹرائیکر ایلکسس سانچز اپنی رفتار کی وجہ سے ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کے لیے مسلسل درد سر بنے رہے۔ سپین کیخلاف شاندار گول کرنے والے روبن وین پرسی دو میچوں میں دو پیلا کارڈ حاصل کرنے کی وجہ اس میچ میں حصہ نہ لے سکے۔ ان کی غیر موجودگی میں ہالینڈ کے اٹیک کے تمام ذمہ داری تجربہ کار آیئن روبن پر تھی۔ پہلے ہاف کے کھیل سے واضح ہوگیا کہ برازیلی کوچ فلیپے سکولاری چلی سے مقابلے سے کیوں بچنا چاہتے ہیں۔ اب زیادہ امکان اسی کا ہے کہ اگلے مرحلے میں برازیل اور چلی آمنے سامنے ہوں گے۔ سیلٹک فٹبال کلب کے سابق کوچ نیل لینن کا کہنا تھا کہ چلی کو خود پر بہت اعتماد ہے۔ ’ مجھے ان کا کھیل، کوچ، توانائی اور خود اعتمادی پسند ہے۔ اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ شاید برازیل سے ہوگا۔‘