|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2014

ورلڈ کپ 2014 کےگروپ سی میں یونان نے آئیوری کوسٹ کو ہرا کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ کولمبیا اس گروپ سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔ یونان نے پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ورلڈ کپ 2014 کے گروپ سی میں یونان نے آئیوری کوسٹ کو ہرا کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یونان کی ٹیم ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلے گی۔ آئیوری کوسٹ کی ٹیم میں یحییٰ تورے، دیدیئر دروگوبا، سلمان کالو اور جاونیو جیسے مشہور کھلاڑی موجود تھے لیکن وہ یونان کا مقابلہ نہ کر سکے۔ آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا تھا۔ میچ کے ابتدائی منٹوں میں یونان کے گول پر کئی حملےکیے لیکن آدھے گھنٹے کے کھیل کے بعد آئیوری کوسٹ کی ٹیم سست پڑ گئی اور یونان آئیوری کوسٹ کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ یونان نے آئیوری کوسٹ کے کھلاڑی کے غلطی سے فائدہ اٹھا کر پہلے برتری حاصل کر لی جو میچ کے 74ویں منٹ تک برقرار رہی۔ اس موقع پر آئیوری کوسٹ کے متبادل کھلاڑی ولفرڈ بونی نے گول کر کے میچ کو برابری پر لا کھڑا کیا۔ اگر آئیوری کوسٹ اس میچ کو برابری پر ختم کر لیتا تو اس وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جاتا۔ میچ کے اضافی تین منٹوں میں جب یونان نے آئیوری کوسٹ کے گول پر دباؤ بڑھایا تو وہ پنلٹی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا جس پر سمپراس نے گول کر یونان کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ آئیوری کوسٹ نے اس میچ میں ولفریڈ بونی کی جگہ ماضی کے مشہور کھلاڑی دیدیئر دووگبا سے میچ شروع کیا تھا۔ چھتیس سالہ دیدیئر دروگبا ایک سے زیادہ بار افریقن پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ آئیوری کوسٹ کے کھلاڑیوں نے یہ میچ بازو پر کالی پٹیاں باندھ کر کھیلا۔ ایسا یحییٰ اور کالو تورے کے بھائی کی یاد میں کیا گیا جو گذشتہ ہفتے کینسر کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اس خبر کے بعد واپس چلے جائیں گے لیکن انہوں نے ٹیم کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔   برازیل کے شہر کوئیابا میں کھیلے جانے والا میچ کولمبیا نے جاپان سے ایک کے مقابلے میں چارگول سے جیتا۔ اس میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور کولمبیا کے کھلاڑیوں نے پہلے چند منٹوں میں جاپان کے گول پر دو حملے کیے۔ تاہم انھیں کامیابی 17ویں منٹ میں اس وقت ملی جب ریفری نے جاپان کے دفاعی کھلاڑی کی جانب سے کولمبیا کے سٹرائیکر راموس کو ڈی میں گرانے پر پنلٹی دی۔ اس پنلٹی پر کواڈراڈو نے گول کر کے کولمبیا کو برتری دلوا دی۔ خسارے میں جانے کے بعد جاپان کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور بقیہ وقت زیادہ تر گیند ان ہی کے پاس رہی۔ جاپان کی میچ برابر کرنے کی کوششیں پہلے ہاف کے آخری لمحے میں کام آئیں جب اوکازاکی نے ہونڈا کے پاس پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز سے تیز کھیل دیکھنے کو ملا اور کولمبیا نے میچ کے 55 ویں منٹ میں اس وقت پھر برتری حاصل کر لی جب جیکسن مارٹینز نے جیمز رادریگز کے پاس پر گیند جاپانی گول میں پہنچا دی۔ مارٹینز نے ہی کولمبیا کی جانب سے 82ویں منٹ میں تیسرا گول کیا جبکہ جیمز رادریگز نے سات منٹ بعد چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی گروپ میں سرفہرست رہتے ہوئے اگلے راؤنڈ میں رسائی یقینی بنا دی۔ دوسرے راؤنڈ میں کولمبیا کی ٹیم یوروگوائے کا سامنا کرے گی جس نے اٹلی کو ہرا کر گروپ ڈی میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔