سیلواڈور /پورٹ الیگرے (آزادی نیوز)ورلڈ کپ 2014 کے گروپ ایف میں پہلے راؤنڈ کے آخری میچوں میں بدھ کو ارجنٹائن نے نائجیریا کو جبکہ بوسنیا نے ایران کو شکست دے دی ہے۔ تاہم شکست کے باوجود نائجیریا کی ٹیم ارجنٹائن کے ہمراہ اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی اور اس گروپ میں ایران اور بوسنیا ورلڈ کپ سے باہرہوگیا۔ نائجیریا اور ارجنٹائن کا میچ پورٹ الیگرے کے ریو سٹیڈیم میں کھیلا گیا اور جنوبی امریکی ٹیم نے یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔ میچ کے آغاز سے ہی اس میں سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملا اور پہلے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن کے سٹار سٹرائیکر لیونل میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ یہ نائجیریا کی ٹیم کے خلاف اس ورلڈ کپ میں ہونے والا پہلا گول تھا۔ ارجنٹائن کی ٹیم ابھی اس برتری سے پوری طرح لطف اندوز بھی نہ ہو پائی کہ اگلے ہی منٹ میں نائجیریا کے احمد موسیٰ نے گول کر کے یہ برتری ختم کر دی۔ ابتدائی چار منٹ میں دو گولوں کے بعد کھیل میں مزید تیزی آئی اور ارجنٹائن کی جانب سے نائجیرین گول پر کئی حملے کیے گئے لیکن یہ کوششیں گول میں تبدیل نہ ہو سکیں۔ تاہم پہلے ہاف کے اضافی وقت میں میسی نے وہ کر دکھایا جس کے لیے وہ دنیا بھر میں معروف ہیں۔ میسی نے نائجیرین ڈی کے باہر ملنے والی فری کک پر ایسی عمدہ شاٹ لگائی کہ نائجیرین کیپر دیکھتے ہی رہ گیا اور ارجنٹنائن کو ایک بار پھر برتری مل گئی۔ یہ میسی کا اس ورلڈ کپ میں چوتھا گول تھا اور اب وہ برازیل کے نیمار کے ہمراہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔ پہلے ہاف کے اختتام پر ارجنٹائن کی برتری برقرار تھی لیکن میچ کے دوسرے ہاف کا آغاز بھی پہلے ہاف کی طرح سنسنی خیز ثابت ہوا اور کھیل شروع ہونے کے دومنٹ بعد ہی احمد موسیٰ نے نائجیریا کی جانب سے دوسرا گول کر دیا۔ اس مرتبہ ارجنٹائن نے جوابی گول کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی اور 50ویں منٹ میں ملنے والے کارنر پر روزو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو تیسرا گول کرکے برتری دلوا دی۔ گروپ ایف کے دوسرے میچ میں ٹورنامنٹ سے پہلے ہی باہر ہو جانے والی بوسنیا کی ٹیم نے سیلواڈور میں ایران کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔ ایران کو اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا لیکن بوسنیا کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایرانی کھلاڑیوں کو پریشان کیے رکھا۔ بوسنیا کی جانب سے میچ کے 23ویں منٹ میں زیکو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔ دوسرے ہاف کے 56ویں منٹ میں پزانک نے بوسنیا کے لیے دوسرا گول کر کے ایرانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ ایران کی جانب سے جب 82 ویں منٹ میں رضا ہوچنی جہاد نے گول کیا تو ایرانی شائقین میں امید کی ایک لہر دیکھی گئی تاہم اگلے ہی منٹ میں بوسنیا کے ورساجیوک نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول کر کے ایران کے اس ٹورنامنٹ میں آگے جانے کی تمام راہیں مسدود کر دیں۔