|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2014

برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں پہلا دور ختم ہونے کے بعد آج یعنی سنیچر سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔ دوسرے مرحلے یا ناک آؤٹ راؤنڈ کا آغاز میزبان ٹیم برازیل اور چلی کے درمیان میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔ ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہونے سے پہلے برازیل کے کوچ لیوز فلپ سکولاری نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ناک آؤٹ مرحلے میں چلی کے خلاف میچ کی وجہ سے ان کی ٹیم زیادہ دباؤ میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ذہنی دباؤ میں آنا ہمارے لیے عام سی بات ہے، خاص کر ناک آوٹ مرحلے میں کیونکہ ہمارے پاس ہارنے کی گنجائش نہیں ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عام سی بات ہے کہ ہم زیادہ خوفزدہ اور ذہنی دباؤ میں آ جاتے ہیں۔ اس لیے نہیں کہ یہ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ برازیل میں ہو رہا ہے بلکہ اس لیے کہ یہ ورلڈ کپ ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’آپ فائنل میں تب پہنچتے ہیں جب آپ جیت جاتے ہیں۔‘ خیال رہے کہ برازیل اور چلی کے درمیان ہونے والے گذشتہ 12 میچوں میں دس میچ برازیل نے جیتے اور دو میچ ڈرا ہوئے۔ اس عالمی کپ میں چلی کی کارگردگی بھی متاثر کن رہی ہے اس نے اپنے گروپ میچوں میں دفاعی چیمپیئن سپین اور آسٹریلیا کو ہرایا تھا۔ دنیا بھر کی 32 ٹیموں میں سے 16 نے آٹھ مختلف گروپوں میں سخت جدوجہد کے بعد دوسرے مرحلے یعنی ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل تھیں۔ ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ سپین، اٹلی اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کا پہلے مرحلے میں باہر ہونا ہے۔ گروپ اے سے میزبان برازیل اور میکسیکو نے پہلے دور کی رکاوٹ پار کی جبکہ گروپ بی سے نیدرلینڈز اور چلی کی ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔
اس عالمی کپ میں چلی کی کارگردگی بھی متاثر کن رہی ہے اس نے اپنے گروپ میچوں میں دفاعی چیمپیئن سپین اور آسٹریلیا کو ہرایا تھا

اس عالمی کپ میں چلی کی کارگردگی بھی متاثر کن رہی ہے اس نے اپنے گروپ میچوں میں دفاعی چیمپیئن سپین اور آسٹریلیا کو ہرایا تھا

گروپ سی میں کولمبیا اور یونان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری 16 میں جگہ بنا لی۔گروپ ڈی سے کوسٹا ریکا اور یوروگوائے اگلے دور میں پہنچے ہیں۔ گروپ ای سے فرانس اور سوئٹزرلینڈ آسانی سے اگلے دور میں پہنچ گئے۔ گروپ ایف میں دو بار کی چیمپیئن ارجنٹائن نے لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت تینوں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے جبکہ نائجیریا نے بھی گروپ میچوں کا راستہ پار کرتے ہوئے اگلے دور کا ٹکٹ کٹا لیا۔ گروپ جی سے جرمنی اور امریکہ اور گروپ ایف سے بیلجیئم اور الجیریا ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچے۔

ہفتہ (28 جون) برازیل بمقابلہ چلی (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

اتوار (29 جون) کولمبیا بمقابلہ یوراگوئے (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

اتوار (29 جون) ہالینڈ بمقابلہ میکسیکو (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

پیر (30 جون) کوسٹا ریکا بمقابلہ یونان (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

پیر (30 جون) فرانس بمقابلہ نائیجیریا (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

منگل (1 جولائی) جرمنی بمقابلہ الجزائر (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

منگل (1 جولائی) ارجنٹائن بمقابلہ سوئٹزرلینڈ (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

بدھ (2 جولائی) بیلجیئم بمقابلہ امریکہ (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

ان میچوں کے بعد یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ کون سی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچتی ہیں اور کون سی گھر کا رخ کرتی ہیں۔