|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2014

اٹلی کے ڈیفینڈر جورجیو چیلینی نے کہا ہے کہ ان کو دانت کاٹنے پر یوروگوائے کے کھلاڑی سواریس پر چار ماہ کی پابندی بہت زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے یوروگوائے کے مشہور کھلاڑی لوئس سواریس کو اطالوی کھلاڑی کو کاٹنے پر 9 انٹرنیشنل میچوں کی پابندی، جرمانے اور چار ماہ تک فٹبال سرگرمیوں سے دور رہنے کی سزا سنائی ہے جو ایک ریکارڈ سزا ہے۔ چیلینی نے کہا ’سواریس کے لیے میرے دل میں انتقام، غصے یا ان کو ملنے والی سزا پر خوشی نہیں ہے۔‘ سواریس کو ملنے والی سزا پر مشہور فٹ بالر میراڈونا کا کہنا ہے کہ یہ سزا نہایت شرمناک ہے۔ انھوں نے ایک ٹی وی شو میں کہا ’فیفا کی جانب سے دی گئی سزا شرمناک ہے اور فیفا کو مداحوں کے جذبات کا کوئی خیال نہیں ہے۔ بس اس بات کی کسر وہ گئی تھی کہ سواریس کو ہتھکڑیاں پہنا دیتے اور گوانتانامو بھیج دیتے۔‘ ٹی وی شو پر میراڈونا نے ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر درج تھا ’سواریس ہم تمہارے ساتھ ہیں‘۔ سواریس فیفا ورلڈ کپ چھوڑ کر اپنے ملک واپس چلے گئے ہیں۔ وہ دنت کاٹنے کے الزام کی تردید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ چیلینی ان سے ٹکرائے تھے۔ تاہم فیفا نے ان کو ملزم قرار دیتے ہوئے ان کی فٹ بال کی تاریخ میں سب سے لمبی سزا سنائی۔ اپنی ذاتی ویب سائٹ پر لکھتے ہوئے چیلینی نے کہا ’میں ہمیشہ سے تادیبی کارروائی کے حق میں ہوں لیکن ساتھ ہی میرے خیال میں یہ سزا کافی زیادہ ہے۔‘ انھوں نے مزید لکھا ’جو کچھ پچ پر ہوا اس کے حوالے سے نہ مجھے غصہ ہے، نہ انتقام کی آگ ہے اور نہ ہی خوشی ہے۔ مجھ میں صرف غصہ اور مایوسی میچ کے حوالے سے ہے۔ اس وقت میں سواریس اور اس کے خاندان کے بارے میں سوچ رہا ہوں جن کے لیے یہ بہت مشکل وقت ہے۔‘ اس سزا کے بعد سواریس کو سپانسر کرنے والی کمپنی 888پوکر نے اپنی سپانسر شپ فوری طور پر منسوخ کردی ہے۔ تاہم دوسری جانب بارسلونا فٹ بال کلب سواریس کو سائن کرنے کے لیے تیار ہیں۔