کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کہتے ہیں کہ طاہر القادری کی انقلاب کی باتیں موسمی ہیں وزیر اعظم اپنی سمت کو درست رکھیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طالبان پاکستان کی سالمیت کے دشمن ہیں اور ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔ فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، اس موقع پر پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر فورم میں حکومت کو طالبان کی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا، وہ سمجھتے ہیں کہ آپریشن راہ عضب 8 ماہ قبل ہی شروع کردیا جانا چاہیئے تھا۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ جلسے اور جلوس ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔ انتخابات میں جہاں دھاندلی ہوئی وہاں تحقیقات ہونی چاہئے۔ 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق سے متعلق عمران خان کا مطالبہ جائز ہے۔ سونامی بڑی تباہی لاتا ہے عمران خان اپنے جلسوں کو کوئی دوسرا نام دے دیں۔ پیپلزپارٹی جمہوریت کےلئے حکومت کے ساتھ ہے۔ طاہر القادری کی انقلاب کی باتیں موسمی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کو اپنی سیاسی سمت کا تعین درست رکھنا ہوگا۔