|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2014

فیصل آباد: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان پارٹی قیادت سے ناراض تھے لیکن وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اب ان کی ناراضگی ختم ہوگئی ۔

 فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا ناراض ہونا پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد چوہدری نثار کی ناراضگی ختم ہوگئی اور وہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور پر ہمیں ان سے زیادہ دکھ ہے جومگرمچھ کے آنسو بہا کرلاشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید جمہوریت اور نظام سے اتنے ہی تنگ ہیں تو استعفی دے کر عوام کی جان چھوڑ دیں، شیخ رشید جیسے لوگوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے اور ایسے لوگوں کوجیلوں میں ہونا چاہیے۔ رمضان المبارک میں ملک کے بعض حصوں میں حکومتی اعلان کے باوجود سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے وزیرمملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث سحر و افطار میں بجلی کی 20 سے 25 فیصد لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔