برازیل میں جاری فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں میں ارجنٹائن کے میڈ فیلڈر اینگلا ڈی ماریہ کی گذشتہ سنیچر کو بیلجیئم کے خلاف کوارٹر فائنل میں زخمی ہونے کے بعد بدھ کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
اینگلا ڈی ماریہ ریئل مڈریڈ کے کھلاڑی ہیں۔ انھیں سنیچر کو برازیلیا میں ہالینڈ کے خلاف کیک لگاتے ہوئے زخمی ہونے کے بعد کے میچ کے 33ویں منٹ میں میدان سے باہر بلا کر ان کی جگہ دوسرے کھلاڑی اینزو پیریزکو بھیج دیا گیا۔
ارجنٹائن کے کوچ آلجژاندرو سابیلا نے کہا کہ ’اینگلا کے بائیں ٹانگ میں تکلیف ہے اور اتوار کو ان کا معائنہ ہونا ہے۔‘
عالمی کپ کے آخری 16 ٹیموں کے درمیان مقابلوں میں اینگلا نے سویٹزرلینڈ کے خلاف جیتانے والا گول کیا تھا۔
سنیچر کو بیلجیئم کو شکست دینے کے بعد فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ارجنٹائن کا 24 برس کا انتظار اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور جنوبی امریکی ٹیم 1990 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کی آخری چار ٹیموں میں شامل ہوگئی۔
ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی باہر ہوئی تھی۔
اب بدھ کو ارجنٹائن اور ہالینڈ کے درمیان عالمی فٹبال کپ سنہ 2014 کا دوسرا سمی فائنل ہوگا جو رات کو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے ساؤ پاؤلو میں کھیلا جائے گا۔