|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2014

برازیل کے کوچ لوئس فلپ سکولاری کا کہنا ہے کہ زخمی سٹرائیکر نیمار کے بغیر بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جرمنی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ برازیل کی جانب سے کیے گئے آٹھ گولوں میں سے چار گول 22 سالہ نیمار نے کیے ہیں۔ فلپ نے کہا کہ برازیل کی ٹیم کی پوری توجہ جرمنی کے خلاف سیمی فائنل پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’نیمار نے اپنا کردار ادا کردیا ہے اور اب وقت ہے کہ ہم اپنا کردار ادا کریں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ „جرمنی کے خلاف میچ میں ہم نہ صرف اپنے لیے اور اپنے خوابوں کے لیے کھیلیں گے بلکہ نیمار کے لیے بھی کھیلیں گے۔‘ یاد رہے کہ کولمبیا کے زونیگا نے برازیل کے خلاف کوارٹر فائنل میں نیمار کی کمر میں گھٹنا مارا تھا جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ آئی اور وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب فیفا نے کہا ہے کہ وہ کولمبیا کے ڈیفینڈر زونیگا کے خلاف انضباطی کارووائی نہیں کرے گی کیونکہ زونیگا کو اسی وقت ریفری نے فاؤل کی سزا دے دی تھی۔ اس سے قبل جرمنی کے کوچ یوآخیم لوو کا کہنا تھا کہ برازیل کی موجودہ فٹبال ٹیم اس طریقے سے نہیں کھیل رہی جس کے لیے وہ روایتی طور پر ماضی میں مشہور رہی ہے۔