ورلڈ کپ 2014 کے بیلے ہورے زینٹو میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے برازیل کو بدترین شکست سے دوچار کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹینا یا ہالینڈ سے ہوگا۔
برازیل کے مینیجر فلپ سکولاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں برازیل کے عوام سے معافی مانگتا ہوں۔اس نتیجے کا ذمہ دار میں ہوں۔اس بدترین نتیجے کی ذمہ داری ہم سب پر ڈالی جا سکتی ہے لیکن وہ میں تھا جس نے یہ ٹیم چنی۔ ہم جو کر سکتے تھے ہم نے کیا، ہم نے اپنی بہترین کوشش کی لیکن ہمارا مقابلہ جرمنی جیسی بہترین ٹیم سے تھا۔‘
جرمنی کی ٹیم کو میچ کے 11 ویں منٹ میں پہلا کارنر ملا جس پر اس نے گول کر دیا۔ جب جرمنی نے پہلا گول کیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اگلے گیارہ منٹوں میں برازیلی ٹیم کے ساتھ وہ کچھ ہونے جا رہا ہے جو اس کے ساتھ کبھی بھی نہیں ہوا۔
جرمنی نے میچ کے 23ویں منٹ میں دوسرا گول، 24ویں میں تیسرا، 26ویں منٹ میں چوتھا اور 29ویں منٹ میں پانچواں گول کر دیا۔
میچ کا پہلا ہاف جب ختم ہوا تو جرمنی کو پانچ گولوں کی برتری حاصل تھی۔
جرمنی کی ٹیم نے ابتدائی دس منٹوں میں کامیاب دفاع کے بعد برازیلی ہاف میں پہنچ کر اوپر تلے گول کر کے برازیلی تماشائیوں کو رلا دیا۔
برازیل کی ٹیم اس میچ میں اپنے کپتان تھیاگو سلوا اور سٹار کھلاڑی نیمار کے بغیر اتری تھی۔ تھیاگو مسلسل دو میچوں میں ییلو کارڈ ملنے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے سکے جبکہ نیمار کولمبیا کے ساتھ میچ کے دوران زخمی ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
دوسرے ہاف میں برازیل نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور ہلک اور فرنینڈینیو کی جگہ پاؤلینئو اور رمیرز کو میدان میں اتارا۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی چند منٹوں میں برازیلی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمن گول پر متعدد حملے کیے لیکن جرمنی کے مستعد گول کیپر نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔
جرمنی نے دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں کامیاب دفاع کے بعد ایک بار پھر برازیلی گول پر حملے شروع کیے۔ شرلر نے جرمنی کا سکور چھ صفر پر پہنچا دیا۔کچھ ہی دیر میں شرلر نے اپنا دوسرا اور میچ کا ساتواں گول کر دیا۔
برازیل کی جانب سے آسکر نے کھیل کے آخری منٹوں میں ایک گول کیا۔
جرمنی کے چھتیس سالہ مراسیلو کلوز نے اس میچ میں ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ سولہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کلوز کا یہ چوتھا ورلڈ کپ ہے۔
یہ جرمنی کا مسلسل چوتھا سیمی فائنل تھا۔ جرمنی مسلسل تین سیمی فائنلوں میں ہار چکا ہے۔ جرمنی کو ورلڈ کپ جیتے ہوئے چوبیس برس گزر چکے ہیں۔ جرمنی نے گزشہ اٹھارہ سالوں میں کوئی ٹائیٹل بھی نہیں جیتا۔ جرمنی نے اٹھارہ سال پہلے 1996 میں آخری بار یورو کپ جیتا تھا۔
بدھ کو ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ اور ارجنٹینا مدِمقابل ہوں گے اور جیتنے والے کا مقابلہ اتوار کو فائنل میں جرمنی سے ہوگا۔