لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نجم سیٹھی نے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں پی سی بی چیئرمین کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران نجم سیٹھی نے جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس میاں ثاقب نثار پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کے پاس اپنا تحریری بیان جمع کروادیا۔
سابق چیئرمین بی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں وزیراعظم نے بورڈ آف مینجمنٹ کمیٹی کا رکن بنا دیا ہے اس لیے وہ اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں ۔
نجم سیٹھی نےبیان دیا کہ وہ آن ریکارڈ کہہ رہے ہیں کہ آئندہ ہونے والے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ۔
یاد رہے کہ دس جولائی کو وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو ان کے عہدے سے برطرف کر کے گورننگ بورڈ کا رکن بنا دیا تھا۔
جبکہ جسٹس (ریٹائرڈ) جمشید علی کو قائم مقام چئیرمین پی سی بی بنانے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
تاہم سپریم کورٹ نے اگلے روز ہی وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کو معطل کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کو اُن کے عہدے پر دوبارہ بحال کردیا تھا۔