پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے آئی ڈی پیز صوبہ خیبر پختونخوا کی ذمہ داری نہیں ہیں، یہاں لاکھوں افراد بیٹھے ہو ئے ہیں جن کا خیال رکھنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔
پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعتیں تباہ ہو چکی ہیں، دہشت گردی کےبا عث معاشی حالات انتہائی خراب ہیں، ایسے حالات میں وفاقی وزراء الزامات لگا رہے ہیں کہ صوبہ تباہ ہے تو خیبر پختونخوا تباہ نہیں ہے بلکہ اس کو باقاعدہ تباہ کیا گیا ہے، خیبر پختونخوا کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اس پر آواز بلند کی جائے۔
عمران خان نے نواز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بادشاہ سلامت اپنے بھائی کے ساتھ دنیا بھر کے چکر لگا رہے ہیں، وزیراعظم مشکل وقت میں ملک سے باہر گئے ہیں،۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اشتہارات میں تصویریں لگانے کا کوئی شوق نہیں، دونوں بھائیوں نےاشتہارات میں اپنی تصویریں لگا کر 200 کروڑ خرچ کر دیئے ہیں، شریف خاندان کے افراد مغل اعظم کی طرح عوام کے پیسوں پر عیاشی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے حالات بدلنے کے لیے خود اٹھنا پڑے گا، بادشاہ نے ملک میں جنگل کا قانون بنا دیا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ حکومت عوام کے لیے ہو، 14اگست کو عوام کا سمندر دیکھ کر سب حیران رہ جائیں گے، نئے پاکستان کو بننے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صرف ایک ہی خاندان حکومت کررہاہے۔
اسرائیل کی غزہ پر کی جانے والی جارحیت پر عمران خان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پرمسلم ممالک کے رہنماخاموش ہیں، تمام اسلامی ممالک اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔