|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2014

سپین کے فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے فیفا ورلڈ کپ میں گولڈن بوٹ ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی ہامیس رودریگس کو فرنچ کلب موناکو سے خرید لیا ہے۔ کولمبیا کے 23 سالہ فارورڈ نے ریال میڈرڈ کے اس چھ سالہ معاہدے پر ہامی بھر لی ہے۔ رودریگس کو میڈرڈ نے آٹھ کروڑ یورو میں خریدا ہے، جس کے بعد وہ دنیا کے چوتھے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ رودریگس نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران پانچ میچوں میں چھ گول کیے اور کولمبیا کو کوارٹر فائنل تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انھوں نے گروپ سی کے میچوں میں یونان، آئیوری کوسٹ اور جاپان کے خلاف گول کیے جبکہ یوروگوائے کے خلاف دو گول کیے اور ایک گول برازیل کے خلاف کیا۔ رودریگس نے اپنے کریئر کا آغاز اینویگادو کلب سے کیا تھا اور 2009 میں وہ ارجنٹینا کے کلب بینفیلڈ میں شامل ہوئے اور ایک سال بعد پورتو میں شامل ہو گئے۔