نئی دہلی : لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو نہ جاننے کا بیان دے کر ہندوستان میں شدید تنقید کی زد میں آجانے والی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا کی حمایت میں اب عظیم بلے باز خود باہر نکل آئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے کہا” روسی ٹینس پلیئر نے ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا اور نہ ہی ان کا مقصد میرا مذاق اڑانا تھا، وہ دراصل کرکٹ کے بارے میں زیادہ نہیں جانتیں اس لیے ان کا ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے موقع میرے متعلق لاعلمی کا اظہار کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔”۔
ماریہ شراپوا کی جانب سے عظیم ہندوستانی بلے باز کو نہ جاننے کے اعتراف کے بعد مشتعل انڈین کرکٹ پرستاروں نے ٹینس اسٹار کا فیس بک پیج لاکھوں پیغامات سے بھر دیا تھا۔
ٹنڈولکر، جن کو اپنے ملک میں بھگوان سمجھا جاتا ہے اور بیشتر پرستار انہیں ہر وقت کا سب سے عظیم کھلاڑی مانتے ہیں، جون میں ومبلڈن میں دیگر معروف شخصیات کی طرح ماریہ شراپوا کا میچ دیکھنے کے لیے لندن آئے تھے۔
ٹینس ایونٹ کے دوران جب روسی اسٹار سے پوچھا گیا کہ اگر سابق انگلش کیپٹن اینڈریوس اسٹروس اور فٹبالر ڈیوڈ بیکہج کے ساتھ سچن ٹنڈولکر بیٹھے ہو تو کیا وہ انہیں پہنچان لٰں گی، جس پر ماریہ نے کہا تھا کہ وہ نہیں شناخت کرسکے گی۔
اس کے بعد ہندوستانی پرستاروں نے مشتعل ہوکر فیس بک پر پیغامات بھیجنا شروع کئے اور کچھ افراد نے تو آئندہ ماریہ شراپوا کے میچز نہ دیکھنے کا بھی اعلان کیا۔
کچھ حلقوں کی جانب سے دھمکیاں اور غلط زبان کا استعمال بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹنڈولکر ومبلڈن کے دوران اکثر رائل باکس میں میچز دیکھنے کے لیے آتے رہتے ہیں۔